ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح ،کھیلوں کا فروغ ذاتی اور قومی ترقی کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے ، صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے جمعرات کو یہاں ایف نائن پارک کرکٹ گرائونڈ میں ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آئی سی سی آئی اور اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن (آئی ای اے اے) کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر منعقد کیا جانے والا یہ ایونٹ 6 سے 9 نومبر تک …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے جمعرات کو یہاں ایف نائن پارک کرکٹ گرائونڈ میں ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آئی سی سی آئی اور اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن (آئی ای اے اے) کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر منعقد کیا جانے والا یہ ایونٹ 6 سے 9 نومبر تک ناک آئوٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا جس میں ریجن کی 24 پرجوش ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ۔افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے ذہنی اور جسمانی تندرستی کو فروغ دینے، ٹیم ورک اور نظم و ضبط کو تقویت دینے میں کھیلوں کے ناگزیر کردار پر روشنی ڈالی جو ذاتی ترقی اور قومی ترقی میں یکساں اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل صرف تفریحی سرگرمیاں نہیں ہیں، بلکہ کمیونٹیز کو متحد کرنے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ایک صحت مند، زیادہ متحرک معاشرے کی تشکیل کے لیے موثر ہتھیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو قوم کھیلوں میں سرگرمی سے حصہ لیتی ہے وہ نہ صرف روح کے اعتبار سے مضبوط ہوتی ہے بلکہ ترقی کے لیے بھی اچھی پوزیشن میں ہوتی ہے، کھیل توانائی کو تقویت دیتے ہیں، کردار کی تعمیر کرتے ہیں اور اتحاد کا احساس پیدا کرتے ہیں جس کی ہر قوم کو ضرورت ہے۔

آئی سی سی آئی کے وسیع تر مشن پر زور دیتے ہوئے سردار طاہر محمود نے چیمبر کے ان اقدامات کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جو جسمانی بہبود اور صنعتی ترقی دونوں کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی فعال طور پر ایک ایسا ماحول پیدا کے لیے کام کر رہا ہے جہاں کاروبار انسانی ترقی کے ساتھ ساتھ پروان چڑھے، کھیلوں کو سپورٹ کرنا ہمارے وسیع تر مقصد کا حصہ ہے تاکہ قومی اعتماد کو بڑھایا جائے، عالمی توجہ کو راغب کیا جائے اور جامع، صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کیا جائے۔

اس موقع پر نمایاں شخصیات میں آئی سی سی آئی کے کونسل ممبران میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، عمیر عزیز ملک، سابق صدر آئی اے ای اے چوہدری عبدالرئوف، جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق، آئی سی سی آئی کے ممبران اسرار مشوانی، طاہر عباسی، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، ٹیپ بال کرکٹ سٹارز خرم چکوال، تیمور مرزا اور احتشام ستی بھی موجود تھے۔