ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا

لاہور۔7فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایک موقع پر 114 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میچ مشکل دکھائی دے رہا …

لاہور۔7فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایک موقع پر 114 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میچ مشکل دکھائی دے رہا تھا، تاہم فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 29 رنز بنا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

شاہین شاہ آفریدی 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب 24 اور بابر اعظم 15 رنز بنا سکے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 12 رنز کا اضافہ کیا، شاداب خان 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد نواز اور عثمان خان کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔نیدرلینڈز کی جانب سے آریان دت اور پال وین میکران نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وینڈر مروا، لوگن وین بیک اور کائل کلین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیدرلینڈز کی ٹیم19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے37 جبکہ باس ڈی لیڈ نے 30 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔ مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکر مین 20 رنز بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز، صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اعتماد اور حوصلے کے ساتھ قدم رکھ دیا ہے جو آگے آنے والے میچز کے لیے خوش آئند اشارہ ہے۔