ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں شکست ، قومی ٹیم 131رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان 129 رنز بنا سکی

165

پرتھ۔27اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو ایک رنز سے شکست دیدی، 131رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان 129 رنز بنا پائی، زمبابوین آل رائونڈر سکندر رضا کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو پرتھ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔

زمبابوین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا تاہم پانچویں اوور میں حارث رئوف نے کپتان کریگ اروائن کو آئوٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔ اروائن19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ اگلے اوور میں ویسلے مدھویرے 17 رنز بنا کر 43 کے مجموعی سکور پر محمد وسیم کا نشانہ بنے۔ اس کے بعد پاکستانی بائولرز نے زمبابوین بیٹرز پر اپنا دبائو بڑھا دیا اور زمبابوے کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرنا شروع ہو گئیں۔ سین ولیمز 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ریان برل اور بریڈ ایونز نے آٹھویں وکٹ پر31 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم تاہم پاکستانی بائولرز کی شاندار بائولنگ کے باعث زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔ پاکستان کی طرف سے محمد وسیم نے 24 رنز کے عوض 4 اور شاداب خان نے 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رئوف نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ زمبابوے کے131 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی۔ آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بابراعظم 4 اور محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ رک نہ سکا۔ گزشتہ میچ میں نصف سنچری سکور کرنے والے افتخار احمد 5 رنز بنا کر پولین لوٹے تو پاکستان کا مجموعی سکور 36 رنز تھا۔ اس موقع پر شاداب خان نے شان مسعود کا ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا تاہم شاداب خان 17 رنز بنا کر 88 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے۔

گزشتہ میچ میں صفر پر آئوٹ ہونے والے حیدر علی نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود 44 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو اس موقع پر قومی ٹیم کے 94 کے مجموعی سکور پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر محمد نواز اور محمد وسیم نے ٹیم کو ہدف کے قریب لے جانے کی کوشش کی تاہم آخری اوور میں محمد نواز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آئوٹ ہوگئے۔

پاکستان کو آخری بال پر فتح کیلئے 3 رنز درکار تھے مگر شاہین آفریدی صرف ایک رن بنانے میں کامیاب رہے اور دوسرے رن لینے کی کوشش میں رن آئوٹ ہوگئے۔ اس طرح پاکستان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ زمبابوے کے آل رائونڈر سکندر رضا نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بریڈ ایوانز دو’ بلیسنگ مازاربانی اور لیوک جونگے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔