چین نے امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ تجارت یا کاروبار کرنے والے ممالک پر ثانوی پابندیاں عائد کرنے کی حالیہ دھمکی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں اور دبائو مسائل کے حل میں مدد گار ثابت نہیں ہوتے بلکہ کشیدگی مزید بڑھاتے ہیں، جو کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
پابندیاں اور دبائو کشیدگی کو بڑھاتے ہیں، چین کا ایران کے تجارتی شراکت داروں پابندیوں کی امریکی دھمکی پر ردعمل
بیجنگ۔24اگست (اے پی پی):چین نے امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ تجارت یا کاروبار کرنے والے ممالک پر ثانوی پابندیاں عائد کرنے کی حالیہ دھمکی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں اور دبائو مسائل کے حل میں مدد گار ثابت نہیں ہوتے بلکہ کشیدگی مزید بڑھاتے ہیں، جو کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
سی جی ٹی این کے مطابق یہ بات پیر کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے یومیہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیر خزانہ کی جانب سے ایران کے ساتھ تجارت یا کاروبار کرنے والے ممالک پر ثانوی پابندیاں عائد کرنے کی حالیہ دھمکی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ چین فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے کشیدگی کو مزید بڑھانے اور عالمی اقتصادی ترقی اور مالیاتی استحکام کو متاثر کرنے والے اقدامات سے گریز کریں اور جلد مذاکرات اور سیاسی تصفیے کی درست راہ پر واپس آئیں۔ چینی ترجمان نے کہا کہ چین متعلقہ صورتحال کا باریک بینی سے مشاہدہ کرےگا اور اپنے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔








