اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان کو مزید موثر بنانے کے لیے جدید ترین آئی ٹی ٹولز سے لیس کیا جائے، متعلقہ ادارے منصوبے کو ترجیح دیں اور مزید تاخیر سے بچنے کے لیے بروقت فیصلے کریں۔ وہ جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں سائبر ایفیشینٹ پارلیمنٹ سے متعلق صدارتی اقدام کے بارے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی اور حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی نے اجلاس کو منصوبے کی موجودہ صورتحال اور اس میں شامل مختلف عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کمیٹی ایک مقررہ وقت کے اندر منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
پراجیکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر نے کہا کہ ای سلوشنز پارلیمنٹ کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بڑھانے کے ساتھ ساتھ قانون سازی کے کام کو فوری طور پر نمٹانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت لانے اور گورننس اور سرکاری اداروں کی جوابدہی کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری محکموں کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔