خرم شہزاد اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوں گے جن میں تعلیمی اصلاحات، سماجی تحفظ، ثقافتی ورثے، زرعی تجارت اور قانون شہادت میں ترامیم سمیت متعدد اہم بلوں کی منظوری اور غور کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق جبکہ سینیٹ اجلاس کی صدارت چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی …
پارلیمنٹ میں اہم قانون سازی کا دن: قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب، تعلیمی، قانونی و زرعی اصلاحاتی بلز ایجنڈے پر سرفہرست

مزید خبریں
خرم شہزاد
اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوں گے جن میں تعلیمی اصلاحات، سماجی تحفظ، ثقافتی ورثے، زرعی تجارت اور قانون شہادت میں ترامیم سمیت متعدد اہم بلوں کی منظوری اور غور کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق جبکہ سینیٹ اجلاس کی صدارت چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کریں گے۔
دونوں ایوانوں کے اجلاس سے قبل کارروائی اور مدت کے تعین کے لیے ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا۔قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن، حدیث، نعت اور قومی ترانے سے ہوگا۔ ایوان میں سب سے پہلے ارکان کی جانب سے فوری عوامی اہمیت کے معاملات پر توجہ دلائو نوٹس پیش کیے جائیں گے جن میں اسلام آباد کے سرکاری سکولوں اور کالجز کے طلبہ کو درپیش ٹرانسپورٹ کے ناکافی انتظامات اور وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کا معاملہ شامل ہے۔
قانون سازی کے ایجنڈے میں متعدد اہم بل متعارف اور زیر غور آئیں گے جن میں کراچی پورٹ ٹرسٹ ایکٹ 1886 میں ترمیم کا بل، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزن ایکٹ 2021 میں ترمیم کا بل،نیشنل فنڈ فار کلچر ہیریٹیج ایکٹ 1994 میں ترمیم کا بل اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ ایکٹ 2021 میں ترمیم کا بل شامل ہے۔اس کے علاوہ ایوان میں کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ الائیڈ میڈیکل سائنسز بل 2025 اور دانش سکولز اتھارٹی بل 2025 کو منظور کرانے کی تجاویز بھی پیش کی جائیں گی جو پہلے ہی سینیٹ سے منظور ہو چکے ہیں۔مزید برآں قانون شہادت 1984 میں ترمیم سے متعلق بل کو بھی فوری غور اور حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایوان صدر کے مشترکہ اجلاس سے متعلق صدر مملکت کے خطاب پر شکریہ کی قرارداد پر بحث بھی جاری رکھی جائے گی جبکہ رول 18 کے تحت دیگر عوامی مسائل بھی اٹھائے جائیں گے۔سینیٹ کا اجلاس سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔سینیٹ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوگا جس کے بعد سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا جائے گا۔ سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی جانب سے مرحوم سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی جانب سے اٹھائے گئے صحافیوں کے مسائل پر مبنی رپورٹ پیش کی جائے گی۔سینیٹ میں قانون سازی کے تحت نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل 2025 کو حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جس کا مقصد زرعی تجارت اور غذائی تحفظ کے نظام کو موثر بنانا ہے۔
اس کے علاوہ ارکان کی جانب سے بینک اکائونٹس کی مبینہ بلاکنگ اور چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی سڑکوں کی خستہ حالی جیسے سنگین عوامی مسائل پر توجہ دلائو نوٹس بھی پیش کیے جائیں گے۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق آج کے دونوں اجلاس اہم قانون سازی اور قومی سطح کے مسائل پر فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔








