اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) پام آئل کی قیمت میں 20 فیصد کی کمی سے پام آئل کی ملکی درآمدات 9 فیصد تک کم ہوئی ہیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق پام آئل کی عالمی منڈیوں میں قیمت میں کمی کے باعث قومی درآمدات میں کمی ہونے سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال 2018-19ء کے پہلے پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 2018ء کے دوران ایک لاکھ 18 ہزار ٹن پام آئل درآمد کیا گیا ہے۔ امریکی ادارہ برائے زراعت (یو ایس ڈی اے) کی رپورٹ ”آئل ورلڈ” کے مطابق دنیا بھر میں کاشت کی جانے والی تیل دار اجناس میں سب سے زیادہ سویابین کاشت کیا جاتا ہے جس کا بین الاقوامی زیرکاشت رقبہ تیل دار اجناس کے مجموعی طور پر زیرکاشت عالمی رقبہ کا 61 فیصد ہے