پانچویں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء میں منگل کو ایک میچ کھیلا جائے گا

اسلام آباد ۔ 09 مارچ (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پانچویں پاکستان سپر لیگ میںمنگل کو مزید ایک میچ کھیلا جائیگا جس پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں پنجہ آزما ہونگی۔ یہ میچ رات سات بجے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء کا میلہ ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہے جس میں شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لیگ کا 24واں میچ منگل کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پشاور زلمی کی ٹیم ڈیرن سیمی کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کو سونپی گئی ہے۔ پشاور زلمی لیگ میں 09 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ لیگ میں شامل 6 ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں، لیگ میں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔