پانچ کمپنیوں نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں سرمایہ کاری اور شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ہارون اختر خان

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور باہمی معاشی تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کے لیے روس میں پاکستان کے سفیر سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر تفصیلی …

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور باہمی معاشی تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کے لیے روس میں پاکستان کے سفیر سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر اس امر کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن پاکستان سٹیل ملز کو ایک فعال اور پیداواری قومی اثاثے کے طور پر بحال کرنا ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اب عملی شکل اختیار کرنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک پانچ کمپنیوں نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں سرمایہ کاری اور شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔دوطرفہ روابط میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان اور روس صنعتی اور پیداواری شعبوں میں معاشی تعاون کے ایک نئے دور کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ روسی کمپنیاں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے لیے سنجیدہ ہیں۔

پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے لیے ایک جامع روڈمیپ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس میں اس منصوبے کے سٹریٹجک، مالی اور آپریشنل پہلوئوں کا واضح خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ معاون خصوصی کے مطابق بحالی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس سلسلے میں روسی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں۔حکومت پاکستان پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے عمل میں شفافیت، پائیداری اور طویل المدتی معاشی فوائد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے جو وزیراعظم کے وسیع تر صنعتی اور معاشی اصلاحاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے۔