پاکستانی آئی سی ٹی برآمدات4.6 ارب ڈالر ،161 ملین براڈ بینڈ صارفین ،سالانہ 75 ہزار گریجویٹس اور سافٹ ویئر انجینئرز ورک فورس کا حصہ بن رہے ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

پاکستانی آئی سی ٹی برآمدات4.6 ارب ڈالر ،161 ملین براڈ بینڈ صارفین ،سالانہ 75 ہزار گریجویٹس اور سافٹ ویئر انجینئرز ورک فورس کا حصہ بن رہے ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مالی سال 26-2025 میں پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدات ریکارڈ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، قومی اے آئی پالیسی کے تحت 2027 تک 10 لاکھ اے آئی پروفیشنلز تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ملک میں 161 ملین سے زائد براڈ بینڈ صارفین، 17,200 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک نیٹ ورک اور 5G اور نیکسٹ جنریشن کنیکٹیوٹی کے لیے 750 میگاہرٹز سے زائد سپیکٹرم کا اجرا عمل میں لایا جا چکا ہے، پاکستان کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، سالانہ 75 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس اور سافٹ ویئر انجینئرز ورک فورس کا حصہ بن رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ٹوکیو میں جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے زیر اہتمام پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)کے تعاون سے منعقدہ ’’پاکستان بزنس سیمینار‘‘سے ورچوئل خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار کا عنوان ’’پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی اور جاپان کے ساتھ شراکت داری کے مواقع‘‘ تھا جس میں دونوں ممالک کے سینئر سرکاری حکام، تجارتی و صنعتی رہنماؤں اور ٹیکنالوجی ایگزیکٹوز نے شرکت کی۔ تقریب میں جاپان میں پاکستان کے سفیر عبدالحمید، پاکستان میں جاپان کے سفیر شوئیچی اکاماتسو، سی ای او پی ایس ای بی فیصل جدی، جیٹرو کی ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اکیکو اوکومورا اور جاپان کی وزارتِ معیشت، تجارت و صنعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ناریتوشی تاکایاما بھی موجود تھے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے پاک جاپان دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کا اگلا باب ڈیجیٹل اور تکنیکی تعاون پر مبنی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان عالمی معیار کی نفاست، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کی مہارت رکھتا ہے جبکہ پاکستان باصلاحیت افرادی قوت اور وسعت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے قیام، جامعات و صنعت کے مضبوط روابط اور مشترکہ پراڈکٹ ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کے پلیٹ فارم سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کر رہی ہے۔