پاکستانی ادیب اکمل شہزاد گھمن کے ناول پرچھاواں نےپنجابی فکشن کا عالمی ایوارڈ جیت لیا

معروف پاکستانی ادیب اکمل شہزاد گھمن کے ناول ’’پرچھاواں‘‘ نےپنجابی فکشن کا عالمی ایوارڈ جیت لیا۔انہیں 25 ہزار کینیڈین ڈالر مالیت کے انعام کا حامل 13واں سالانہ "ڈھاہاں پرائز برائے پنجابی ادب 2026 ” جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):معروف پاکستانی ادیب اکمل شہزاد گھمن کے ناول ’’پرچھاواں‘‘ نےپنجابی فکشن کا عالمی ایوارڈ جیت لیا۔انہیں 25 ہزار کینیڈین ڈالر مالیت کے انعام کا حامل 13واں سالانہ "ڈھاہاں پرائز برائے پنجابی ادب 2026 ” جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ڈھاہاں پرائز کی ویب سائٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق ایوارڈ کا اعلان 18 نومبر 2026ء کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا جس میں دنیا بھر سے پنجابی زبان و ادب سے وابستہ نامور ادیبوں، نقادوں اور دیگر علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی ۔ علمی وادبی مبصرین کے مطابق پنجابی فکشن کے فروغ اور اعلیٰ ادبی تخلیقات کے اعتراف میں دیا جانے والا یہ عالمی اعزاز اکمل شہزاد گھمن کی تخلیقی صلاحیتوں اور ادبی خدمات کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔ان کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری پنجابی ادبی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔

بھارتی پنجاب کے شہر کھنہ سے تعلق رکھنے والی راج پریت کور بینپال اور پاکستان کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والی امبر حسینی کو بھی دو فائنلسٹ کے طور پر 10،10 ہزار کینیڈین ڈالر کے انعامات دیے گئے ہیں ۔راج پریت کور بینپال کو ان کے افسانوی مجموعے ’’قبرّاں وچ اُگے پھُل‘‘ جبکہ امبر حسینی کو ان کے ناول ’’نواں پنڈ‘‘ پر اعزاز سے نوازا گیا۔تینوں کتابوں کو پنجابی رسم الخط گورمکھی یا شاہ مکھی میں منتقل کرنے کے لیے مزید 6 ہزار کینیڈین ڈالر بھی مختص کیے گئے، جس سے انعامات کی مجموعی مالیت 51 ہزار کینیڈین ڈالر ہوگئی۔اکمل شہزاد گھمن اور امبر حسینی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے تاہم ان کی جانب سے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغامات شرکا کو دکھائے گئے۔اپنے بیان میں اکمل شہزاد گھمن نے کہا کہ یہ اعزاز محض ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پنجابی ادب اور ان تمام لوگوں کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے جنہوں نے اپنی تحریروں، مطالعے اور محبت کے ذریعے اس زبان کو زندہ رکھا ہے۔

تقریب میں شہر سرے کی جانب سے ’’پنجابی ادب ہفتہ‘‘ منانے کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس موقع پر کیلگری میں مقیم پاکستانی پنجابی فنکار جمال راجہ نے موسیقی کا مظاہرہ پیش کیا۔۔

 

مزید خبریں