ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد جبکہ ستمبر 2026ء میں ماہانہ بنیادوں پر 3.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
بڑی صنعتوں کی پیداوار میں پہلی سہ ماہی کے دوران 2.1 فیصد اضافہ، ستمبر میں ماہانہ نمو 3.2 فیصد ریکارڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد جبکہ ستمبر 2026ء میں ماہانہ بنیادوں پر 3.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے بڑی صنعتوں کی پیداوار سے متعلق جاری کردہ کوانٹم انڈیکس آف مینوفیکچرنگ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی ( میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 116.4 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 114 پوائنٹس کے مقابلے میں 2.1 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 116.8 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو اگست کے 113.2 پوائنٹس کے مقابلے میں 3.2 فیصد جبکہ گزشتہ سال ستمبر کے 114 پوائنٹس کے مقابلے میں 2.4 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کوئلہ اور پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 0.98 فیصد، ویئرنگ اپیرل (ملبوسات) میں 2.91 فیصد، غیر دھاتی معدنی مصنوعات میں 0.15 فیصد اور آٹوموبائل کی پیداوار میں 1.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح تمباکو کی پیداوار میں 0.36 فیصد، برقی آلات میں 0.13 فیصد اور ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں 0.31 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔اس کے برعکس پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداوار میں 0.72 فیصد، غذائی مصنوعات میں 1.26 فیصد، کیمیکلز میں 0.77 فیصد، فارماسیوٹیکل مصنوعات میں 0.71 فیصد اور کھاد کی پیداوار میں 0.41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مزید برآں مشروبات کی پیداوار میں 0.11 فیصد، آئرن اینڈ سٹیل مصنوعات میں 0.59 فیصد، کیمیائی مصنوعات میں 0.36 فیصد، کاغذ اور گتے کی مصنوعات میں 0.20 فیصد جبکہ چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔







