پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک کمیونیکیشن کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز، غلط معلومات اور سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون ناگزیر ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک کمیونیکیشن کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے اور جدید دور کے سائبر خطرات، غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن کے موثر تدارک کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، آزمودہ اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک کمیونیکیشن کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے اور جدید دور کے سائبر خطرات، غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن کے موثر تدارک کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، آزمودہ اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دوستی کے تحفظ اور فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور حقائق پر مبنی سٹریٹجک کمیونیکیشن کا موثر نظام وضع کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ترکیہ کے سفارت خانہ اور انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے اشتراک سے ”علاقائی سلامتی کے ڈھانچے کی از سر نو تشکیل : ترکیہ اور پاکستان کے تناظر میں سٹریٹجک شراکت داری اور کثیر الجہتی تعاون“ کے موضوع پر منعقدہ سٹارٹ کام پبلک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی بنیاد پاکستان کے قیام سے بھی پہلے رکھی گئی تھی۔

برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کے اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کے لیے غیر معمولی قربانیاں دیں۔ علی برادران، مولانا محمد علی جوہر اور مولانا شوکت علی نے اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ خواتین نے اپنے زیورات اور لوگوں نے اپنی زمینیں فروخت کرکے ترک عوام کی مدد کی کیونکہ وہ انہیں اپنا بھائی اور خود کو ایک قوم سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلق کی مضبوطی کا اندازہ اس کی بنیاد سے لگایا جاتا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی بنیاد کئی دہائیاں پہلے رکھی گئی، یہی وجہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعلق مزید مضبوط اور مستحکم ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 1964ء میں پاکستان، ترکیہ اور ایران کے درمیان علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) قائم ہوئی جو بعد ازاں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی صورت اختیار کر گئی۔ چند روز قبل اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ یہ پیش رفت پاکستان اور ترکیہ سمیت خطے کے ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کے ارتقاء کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی نہ صرف تاریخی اور آزمودہ ہے بلکہ ہر گزرتے سال کے ساتھ اس میں مزید مضبوطی اور رفتار پیدا ہوئی ہے۔

عالمی اور علاقائی منظرنامے میں تبدیلیوں کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مستحکم ہوئے ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور سہ فریقی دفاعی معاہدے کے ذریعے اس تعاون کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط موجود ہیں، پاکستان سے ترکیہ جانے والے اور ترکیہ سے پاکستان آنے والے افراد اپنے ساتھ خوشگوار یادیں لے کر جاتے ہیں۔ ثقافتی تعلقات، سافٹ پاور، عوامی روابط اور عسکری تعاون دونوں ممالک کی دوستی کے اہم ستون ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ سائبر خطرات، غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن جیسے چیلنجز بھی بڑھے ہیں، ورلڈ اکنامک فورم بھی غلط معلومات کے پھیلاؤ کو موجودہ دور کے بڑے خطرات میں شمار کرتا ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط اور موثر ادارہ جاتی نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک کمیونیکیشن کے فروغ کے لیے نیا معاہدہ ہونا چاہیے جو ٹیکنالوجی اور مستند حقائق پر مبنی ہو، اس کے ذریعے دونوں ممالک اپنی دوستی کی نظریاتی بنیادوں کا دفاع کر سکیں گے۔

وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان اور ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن کے درمیان تعاون سے درپیش چیلنجز کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے جس میں جامعات، تھنک ٹینکس اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہوں تاکہ سٹریٹجک کمیونیکیشن کے شعبے میں تعاون کو موثر بنایا جا سکے اور جدید دور کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومتی اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت کے تمام متعلقہ اداروں اور فریقین کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت یکجا کرنا ہوگا۔ انہوں نے صدر رجب طیب اردوان اور خاتون اول امینہ اردوان کی پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال ترک قیادت کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔

اسی طرح ترکیہ میں زلزلے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے جذبے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں کام آئے، پاکستان اور ترکیہ نے ایک دوسرے کے لیے اس دوستی کو عملی طور پر ثابت کیا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید دور کے چیلنجز کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون اور مضبوط ادارہ جاتی نظام تشکیل دیا جائے۔

 

مزید خبریں