پاکستانی خواتین سائیکلسٹس نے ایشین روڈ اور پیرا سائیکلنگ چیمپئن شپ میں میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی

بنکاک۔9فروری (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ کو بین الاقوامی سطح پر تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے، دو پاکستانی خواتین سائیکلسٹس نے ایشین روڈ اینڈ پیرا سائیکلنگ2025 چیمپئن شپ میں میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ رابعہ غریب اور زینب رضوان نے خواتین کے ماسٹر انفرادی ٹائم ٹرائل میں شاندار پرفارمنس سے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔ ایس ایس جی سی کی نمائندگی کرنے والی رابعہ غریب نے18:44.515 …

بنکاک۔9فروری (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ کو بین الاقوامی سطح پر تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے، دو پاکستانی خواتین سائیکلسٹس نے ایشین روڈ اینڈ پیرا سائیکلنگ2025 چیمپئن شپ میں میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ رابعہ غریب اور زینب رضوان نے خواتین کے ماسٹر انفرادی ٹائم ٹرائل میں شاندار پرفارمنس سے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔ ایس ایس جی سی کی نمائندگی کرنے والی رابعہ غریب نے18:44.515 کے وقت اور34.25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط رفتار سے مقررہ فاصلہ طے کر کے چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ وہ اس ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔ زینب رضوان نے 40-44 کیٹیگری میں مقابلہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16:32.413 کے وقت اور 37.76 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط رفتار کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

دونوں سائیکلسٹس نے پہلی مرتبہ بین الاقوامی ایونٹ میں ڈیبیو کیا ہے، ان کی کامیابی قومی اور بین الاقوامی سطح پر سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے دونوں سائیکلسٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، رابعہ غریب اور زینب رضوان نے نہ صرف ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے بلکہ مستقبل کے سائیکل سواروں کے لیے ایک نیا معیار بھی قائم کیا ہے، ان کی لگن اور محنت نے ملک کو بہت بڑا اعزاز بخشا ہے، کھلاڑیوں اور پوری ٹیم کو کامیابی پر مبارک ہو، ہم پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے

توقع ہے کہ ان سائیکلسٹس کی کارکردگی سے پاکستان میں سائیکلنگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا اور مزید خواتین کو اس کھیل کو پیشہ ورانہ طور پر اپنانے کی ترغیب ملے گی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن پر امید ہے کہ یہ کامیابی مستقبل میں بین الاقوامی ایونٹس میں مزید کامیابیوں کا باعث بنے گی۔ گزشتہ روز علی الیاس نے بھی پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، یہ فتح ایشین سائیکلنگ کمیونٹی میں پاکستان کی پہچان کی جانب ایک اہم قدم ہے۔