پاکستان کی اعلی عسکری قیادت نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی موقع پر، مسلح افواج بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح، تحریکِ پاکستان کے اکابرین اور اُن تمام نفوس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جن کی قربانیوں نے آزادی کی آرزو کو ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کی حقیقت میں …
پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت کی پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد

مزید خبریں
راولپنڈی ۔14اگست (اے پی پی):پاکستان کی اعلی عسکری قیادت نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی موقع پر، مسلح افواج بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح، تحریکِ پاکستان کے اکابرین اور اُن تمام نفوس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جن کی قربانیوں نے آزادی کی آرزو کو ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدلا۔ ان کا وژن، شجاعت اور عزم قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کی پاسداری کی ترغیب دیتا رہتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز نے اپنے پیغام میں کہا کہ افواجِ پاکستان ،ہمارے شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی خدمات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی لگن اور قوم کی خدمت کرنے والے ہر پاکستانی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کی شجاعت اور بے لوث خدمات نے پاکستان کے استحکام کو مضبوط بنایا اور اس کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔
پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ ہونے کے ناطے، مسلح افواج مادرِ وطن کا تمام تر خطرات سے دفاع کرنے، آئین کی بالادستی کو قائم رکھنے اور پاکستانی عوام کی طرف سے ان پر کیے گئے مقدس اعتماد پر پورا اترنے کے اپنے اٹل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ قوم کے ساتھ متحد ہو کر، مسلح افواج امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم رہیں گی۔ پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے۔
اس یومِ آزادی کے موقع پر، آئیے ہم ایمان، اتحاد اور تنظیم کے دائمی اصولوں پر عمل کرنے، قومی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، رواداری کو فروغ دینے اور ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ پاک افواج زنده باد!پاکستان ہمیشہ پائندہ باد!







