پاکستانی عازمین نے پاکستان حج مشن کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کو تسلی بخش قرار دے دیا

61

مکہ مکرمہ ۔22جون (اے پی پی):مسجد الحرام میں حج کے موقع پر آئے ہوئے پاکستانی عازمین نے پاکستان حج مشن کی جانب سے حج 2022 کےموقع پر مجموعی طور پر کئے جانے والے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ بدھ کو مسجد الحرام کی حدود میں قومی خبر رساں ادارے” اے پی پی” اور ریڈیو پاکستان کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بورے والا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون عازم حج نے کہا کہ حکومت نے رہائش، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بہت زبردست انتظامات کئے ہیں اور کسی چیز میں کوئی سقم موجود نہیں ہے۔

انہوں نے بہتر انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو جلد عمری میں حج کا فریضہ ادا کرلینا چاہیئے۔ کیونکہ ضعیف العمری میں مناسک حج ادا کرنا حاجی کیلئے کافی مشکل بن جاتا ہے ۔ پشاور کے عبد الواحد نے کہا کہ تمام انتظامات بہت اچھے ہیں اور ہم حکومتی اقدامات سے خوش ہیں۔ ایک اور حاجی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاونین بھی بہتر رہنمائی کر رہے ہیں اور حاجیوں کے ساتھ ان کا رویہ قابل تعریف ہے۔

لاہور کے ایک عازم حج نے وزارت مذہبی امور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ سوشل میڈیا پر حج انتظامات کے حوالے سے افواہیں چل رہی ہیں سب غلط ہیں۔ حکومت نے حج 2022 کے انتہائی شاندار انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرم کے بالکل قریب ہی رہائش دی گئی ہے اس کے باوجود شٹل سروس بھی 24 گھنٹے دستیاب ہے ۔