اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاکستانی قوم نے اتوار کو 55واں یوم دفاع روایتی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے یہ عزم کیا کہ مادر وطن کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو معاشی طور پر علاقائی امن و خوشحالی کے لئے مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔ دن کے آغاز پر مساجد میں وطن کی سلامتی اور خوشحالی …
پاکستانی قوم نے 55واں یوم دفاع روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، مادر وطن کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو معاشی طور پر علاقائی امن و خوشحالی کے لئے مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا عزم

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاکستانی قوم نے اتوار کو 55واں یوم دفاع روایتی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے یہ عزم کیا کہ مادر وطن کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو معاشی طور پر علاقائی امن و خوشحالی کے لئے مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔ دن کے آغاز پر مساجد میں وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، صوبائی گورنروں، وزرائے اعلیٰ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت اہم شخصیات کے یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی پیغامات جاری کئے گئے جس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گا، پاکستان امن کا خواہش مند ہے تاہم امن کی اس کی خواہش ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے کیونکہ دنیا کو سمجھنا چاہیے کہ ہماری یہ خواہش خطے کے لوگوں کی خوشحالی اور معاشی بہتری کے لئے ہے، ہم امن کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر ہو سکے۔ یوم دفاع کے موقع پر وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے سپوتوں کو فوجی اعزازات دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دفاع وطن میں نمایاں کردار اد اکرنے والے پاک فوج کے افسران، جوانوں اور شہداءکے ورثاءکو ایوارڈز دیئے۔ کراچی میں مزار قائد جبکہ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ مزار قائد پر تقریب سے ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شرکاءسے خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے شہداءاور غازیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر نے دفاع وطن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں اور بہادری کے اعتراف میں خصوصی نغمہ جاری کیا جس کا عنوان ”ہر گھڑی تیار کامران“ تھا۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف آپریشنز میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے پاک فوج کے افسران و جوانوں کو ملٹری ایوارڈز سے نوازا۔ تقریب میں شہداءاور غازیوں کے اہل خانہ، اعلیٰ عسکری افسران اور جوانوں نے بھی شرکت کی۔ 40 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 24 افسران کو تمغہ بسالت اور ایک جوان کو یو این میڈل سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 1965ءکی طرح مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنی قوم اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم اس پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ اسی طرح نیول ہیڈ کوارٹرز میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم دفاع کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ویڈیو پیغام میں شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی اپنے ٹویٹ میں شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 1965ءکے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فوج کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اخبارات اور ٹی وی چینلز پر یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن و پروگرامات شائع و نشر کئے گئے۔ ٹی وی چینلز پر خصوصی ٹاک شوز کا بھی انعقاد کیا گیا، 6 ستمبر 1965ءکو دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر حملہ کیا جس کے خلاف مسلح افواج اور پوری قوم نے بڑے عزم اور حوصلے سے اپنے سے کئی گنا بڑی فوج کو ناکوں چنے چبوائے اور شکست سے دوچار کیا۔ یوم دفاع کے موقع پر نشان حیدر پانے والے شہداءکے مزاروں پر بھی پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔








