پاکستانی والی بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کوارٹر فائنل کے لیے کامیابی سے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستانی والی بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

مزید خبریں
لاہور۔13جولائی (اے پی پی):پاکستانی والی بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر سہیل خاور میر نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان ایشیا کی مضبوط ابھرتی ہوئی والی بال طاقتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ کامیابی صرف ایک یا دو میچ جیتنے کا نام نہیں بلکہ حقیقی چیمپئن ہر فتح کے بعد بھی مزید محنت، توجہ اور عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، تاہم اصل مشن ابھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی پرچم کے لیے کھیلیں، ایک دوسرے پر اعتماد رکھیں اور ہر میچ میں تاریخ رقم کرنے کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں۔سہیل خاور میر نے ہیڈ کوچ کفایت اللہ، کوچنگ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ اور قومی ٹیم کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو بھی سراہا۔ پاکستان اپنی پول سی مہم کا آخری میچ14 جولائی2026 کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ یہ مقابلہ ہائیکو وو یوان ریور جمنازیم کے کورٹ نمبر2 پر مقامی وقت کے مطابق صبح10:30 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے شروع ہوگا۔ اگرچہ پاکستان پہلے ہی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، تاہم تھائی لینڈ کے خلاف میچ ٹیم کے لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنی ناقابل شکست کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے ناک آئوٹ مرحلے سے قبل مزید اعتماد اور ردھم حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ایشین چیمپئن شپ میں کرغزستان اور قازقستان کے خلاف شاندار فتوحات نے قومی ٹیم کی بہترین تیاری، فنی مہارت اور بلند حوصلے کا واضح ثبوت دیا ہے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے پوری قوم اور والی بال شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی اور کامیابی کے لیے دعا کریں تاکہ گرین شرٹس کوارٹر فائنل سمیت آئندہ مراحل میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھ سکیں۔ دو میچ، دو فتوحات اور کوارٹر فائنل میں رسائی کے بعد قومی ٹیم کا سفر اب مزید اعتماد کے ساتھ جاری ہے۔







