دبئی۔14جنوری (اے پی پی):پاکستانی کمپنیاں دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ انٹرسیک 2025 میں شرکت کر رہی ہیں ، پاکستانی قونصلر جنرل حسین محمد نے پاکستان کے پویلین کا افتتاح کیا ۔ منگل کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق سلامتی، تحفظ اور آگ سے محفوظ بنانے کے لیے دنیا کی سب سے بڑی کاروباری نمائش انٹرسیک 2025 کا 26 واں ایڈیشن 14 سے 16 جنوری تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے۔
اس سال ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام 08 پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایونٹ میں شرکت کر رہی ہیں۔ پاکستانی قونصلر جنرل حسین محمد نے تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر علی زیب خان کے ہمراہ پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا۔ پاکستانی نمائش کنندگان نے ایونٹ کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات اور دیگر جی سی سی مارکیٹوں میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کےلئے ایسے پلیٹ فارمز کی اہمیت پر زور دیا۔
قونصلر جنرل نے کہا کہ انٹر سیک جیسی عالمی نمائشوں میں شرکت پاکستان کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور سکیورٹی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ حسین محمد نے مزید کہا کہ یہ تقریب پاکستانی کمپنیوں کو عالمی مارکیٹ تلاش کرنے اور کاروباری روابط بڑھانے کا ایک مثالی موقع فراہم کرے گی ۔