پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے چین میں 8 ہزار میٹربلند دو چوٹیوں کو سر کرنے کا اجازت نامہ حاصل کرلیا

152
پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے چین میں 8 ہزار میٹربلند دو چوٹیوں کو سر کرنے کا اجازت نامہ حاصل کرلیا

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):دبئی میں مقیم پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے چین میں 8 ہزار میٹربلند دو چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرلیا۔ یہ دنیاکی 14 بلندترین چوٹیوں کوسرکرنے کے ہدف کے حصول میں ایک اہم قدم ہے۔نائلہ کیانی نے اب تک 8 ہزاربلند14 چوٹیوں میں 9 چوٹیاں سرکرلی ہیں اوراب ان کی نگاہیں چین کی مسحورکن اوردلکش لینڈسکیپ میں واقع دوبلندچوٹیوں شیشاپنگما اور چو اویو کو سرکرنے پرہیں۔

دو چینی چوٹیوں کوسرکرنے کیلئے پرمٹ حاصل کرنا پیچیدہ اور ضابطہ جاتی عمل ہے۔ اجازت ناموں کے حصول کے بعد نائلہ کیانی اپنے 14 چوٹیوں کوسرکرنے کی مہم میں دنیا کی 10 ویں اور11 وین بلندترین چوٹیاں سرکرنے کیلئے تیارہیں اورتوقع ہے کہ وہ آئندہ چندیوم میں نیپال کے دارلحکومت کھٹمنڈو سے نئے مشن پرروانہ ہوں گی جہاں انہوں نے 8 ہزارمیٹرسے بلند چوٹی مناسلوسرکرلی ہے۔ دبئی کے رہائشی، پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں کوہ پیمائی کرنے والی کمیونٹی نائلہ کیانی کے نئے مشن کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے ۔

نائلہ کیانی دبئی میں مقیم پاکستانی کوہ پیما اور مہم جو ہے اوردنیا کی 14 بلندترین چوٹیوں کوسرکرنے کے ان کے مشن نے انہیں کوہ پیمائی کی برادری میں پہچان دی ہے۔چین کی دوبلند ترین چوٹیوں کو سرکرنے کی مشن میں بارڈ فاونڈیشن ان کی معاونت کررہی ہے اور اب وہ 2024 کے موسم بہار میں متوقع اپنے 8,000 میٹر کے آخری تین چوٹیوں کوسرکرنے کے لیے سپانسر شپ کی تلاش میں ہے۔