نئی دہلی۔23مارچ (اے پی پی):پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے قومی پرچم لہرایا ۔پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے یہاں موصولہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے پیغامات تقریب میں پڑھ کر سنائے گئے۔
ناظم الامور نے یوم پاکستان پر اہل پاکستان اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو مبارک دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی لاہور قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا راستہ متعین کیا، بانیان پاکستان نے ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دیکھا جو انصاف اور مساوات کے اصولوں پر مبنی ہو۔
سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کی بصیرت افروز قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک پاکستانیوں اور عوام نے ہر محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں،ایٹمی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، ہماری بہادر مسلح افواج داخلی اور خارجی خطرات کے خلاف ڈھال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور اجتماعی فلاح کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔ سعد احمد وڑائچ نے مزید کہا کہ کرتارپور راہداری کے معاہدے کی تجدید پاکستان کے سفارت کاری اور بات چیت سے مسائل کے حل کے عزم کی تصدیق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے تعمیری روش ناگزیر ہے-
ضد اور ہٹ دھرمی کا راستہ خطے کے لیے ایک روشن مستقبل کا پیش خیمہ ثابت نہیں ہو سکتا۔ سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ضروری ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575686