سری لنکن کرکٹ ٹیم کے منیجر مہندا ہالانگوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز چیلنجنگ ہوگی اور شائقین کرکٹ کو دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے
پاکستان آسان حریف نہیں،سری لنکن ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، سیریز میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، مہندا بندولا ہالانگوڈا

مزید خبریں
لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):سری لنکن کرکٹ ٹیم کے منیجر مہندا ہالانگوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز چیلنجنگ ہوگی اور شائقین کرکٹ کو دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔پاکستان کی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے،پاکستانی ٹیم میں باصلاحیت فاسٹ بولرز اور اچھے بلے باز موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ مقابلے ہمیشہ دلچسپ رہے ہیں اور اس سیریز میں بھی شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔پاکستانی ٹیم کی صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہیں،اس لیے اسے کسی بھی مرحلے پر آسان حریف تصور نہیں کیا جا سکتا۔ مشکل صورتحال میں بھی اس کے کھلاڑی اپنی کارکردگی سے میچ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے فاسٹ بولرز کے ساتھ ساتھ باصلاحیت بلے باز بھی موجود ہیں،اس لیے سری لنکن ٹیم کو ہر میچ میں بھرپور توجہ اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔سیریز میں کسی بھی ٹیم کو معمولی غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو ہر شعبے میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے اور تمام کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ سیریز میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کریں۔سری لنکا اس وقت ٹیم کی تعمیر نو کے مرحلے سے گزر رہا ہے،اس لیے سیریز سے نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے میں کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کی سختیوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی اہم ہے۔ پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کےخلاف کھیلنے سے انہیں دبائو میں کارکردگی دکھانے، مختلف حالات کا مقابلہ کرنے اور اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملے گا۔امید ہے کہ وہ اس سیریز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ان کے مطابق کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل انتہائی ضروری ہے اور ٹیم مینجمنٹ نے اس حوالے سے کافی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک میچ میں اچھی کارکردگی دکھانا کافی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو مسلسل اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ٹیم کا ہر رکن بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے اور بھرپور ٹریننگ کر رہا ہے۔وکٹوں کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کی پچز میں زیادہ نمایاں فرق نہیں ہے،تاہم پریکٹس سیشنز اور ابتدائی میچز کے دوران یہاں کی وکٹوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوں گی۔کھلاڑیوں کو مقامی کنڈیشنز کےمطابق خود کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا اور پچ کے رویے کو سمجھنے کے بعد حکمت عملی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی حکام کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے بالکل مطمئن ہیں۔وہ اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں اور موجودہ دورے کے دوران بھی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ٹیم کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں،جبکہ کھلاڑی اور آفیشلز اپنی تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیریز میں شائقین کو اچھے اور بھرپور مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور دونوں ٹیمیں کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔مہندا بندولا ہالانگوڈا26 اپریل 1961 کو سری لنکا کے شہر دیا طلاوا میں پیدا ہوئے۔ وہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی اور بائیں ہاتھ سے درمیانی رفتار کی بولنگ کرتے تھے۔انہوں نے1981 میں ایس تھامس کالج،مائونٹ لیوینیا کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی اور تاریخی سینٹینری رائل تھومین مقابلے میں حصہ لیا۔ ایس ایس سی کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے45 فرسٹ کلاس میچز میں151 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ ان کی بولنگ اوسط 16.39 رہی۔وہ سری لنکا انڈر19 ٹیم کے منیجر بھی رہ چکے ہیں اور اپریل2022 میں سری لنکا کی مردوں کی قومی ٹیم کے منیجر مقرر ہوئے۔مہیندا ایلگوڈے سابق سری لنکا انڈر 19 ٹیم کے ٹیم منیجر بھی رہ چکے ہیں اور ماضی میں کئی مرتبہ اس ذمہ داری پر فائز رہے۔اس سے قبل وہ ایس تھامس کالج کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ایس ایس سی کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔ایس ایس سی کے ساتھ ان کا کرکٹ کیریئر کامیاب رہا،جہاں انہوں نے اپنی ٹیم کو کئی فتوحات دلائیں۔نظم و ضبط اور سخت گیر انداز کے لیے معروف مہیندا ایلگوڈے سری لنکن قومی ٹیم کے انتظامی سیٹ اپ میں ایک قیمتی اضافہ ثابت ہوئے ہیں۔







