پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تمام خدشات کو جلد دور کیا جائے گا ، وفاقی وزیر جام کمال خان

137
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ مقامی آٹو موٹیو انڈسٹری کو تقویت دینے کیلئے پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تمام خدشات کو جلد دور کیا جائے گا ۔ وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کو میٹنگ کے دوران وزیر تجارت نے مقامی مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بڑھانے کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی برآمدات اور مقامی صنعت کاری کو بڑھانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے ذاتی طور پر ٹرک مینوفیکچررز کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ٹرک بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی مقامی صنعت کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے صنعت کاروں کو پاکستان کی برآمدات کی نمو میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ جام کمال نے کہا کہ طویل المدتی پالیسی فریم ورک سے ہی انڈسٹری کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں ۔