اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری ، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اعتبار سے ایک جیسے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کے وزیراعظم کے آئندہ ماہ ازبکستان کے دورے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں تک ذرائع مواصلات اور روڈ نیٹ ورک کی تشکیل اہمیت کی حامل ہے اور معیشت کے مختلف سیکٹرز میں باہمی شراکت داری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے سربراہان حکومت اور وزراء کے دورے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلقات کی مضبوطی میں زمینی رابطوں کی بہتری کلیدی کردار ادا کرے گی ، روابط میں اضافے کے دیگر ذرائع بشمول ہوائی سفر اور ریلوے لائن کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ازبکستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنے ڈسپلے سنٹرقائم کرنا چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تجارتی امور کے لئے سینٹرل ایشیا سے یورپ تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔ عبدالعلیم خان کی ازبکستان کو اپنی سیاحتی کمپنیوں کو پاکستان بھیجنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ ثمر قند، بخارا، دوشنبے جیسے شہروں سے پاکستان اور ازبکستان کے لوگوں کی یکساں وابستگی ہے۔ پاکستان سے یورپ اور امریکہ جانے والوں کو ازبکستان میں "آن آرائیول "سیاحتی ویزہ دینے اور ازبکستان کو موٹرویز کی تعمیر اور دیگر مواصلات کے منصوبوں میں معاونت فراہم کرنے کی تجویز پر گفتگو ہوتی۔