اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا، وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سلامتی کیلئے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے، ایوان کے تقدس کا احترام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ایوان اپوزیشن جماعتوں کے بدعنوان قائدین کے کرپشن کیسز بچانے کا نہیں بلکہ قانون سازی کا ادارہ ہے، اپوزیشن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے سمیت مفاد عامہ کی قانون سازی میں تعمیری کردار ادا کرے۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ پاکستان کسی پرائی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 70 سے 80 ہزار جانوں کی قربانیاں دیں، پاکستان اب دوبارہ کسی بھی جنگ کا حصہ بننے کا متحمل نہیں ہو سکتا، وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو اڈے دینے سے انکار کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران امریکہ کو اڈے دیئے جس کی وجہ سے ڈرون حملوں میں نہ صرف ہزاروں کی تعداد میں بچے شہید ہوئے بلکہ پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالرز نقصان کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم عمران خان نے 9 سال ڈرون حملوں کے خلاف ریلی نکالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغان جنگ میں پاکستان نے 30 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، ان کی تعلیم اور صحت سمیت بنیادی حقوق کا خاص خیال رکھا جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں امن نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے مفاد میں ہے، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان امریکہ کا بڑا شراکت دار ہے، پاکستان نے پہلے بھی افغانستان میں امن کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور اب بھی کرتا رہے گا لیکن وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی پرائی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات دیکھ کر سر شرم سے جھک جاتے ہیں، اس حوالے سے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے علمائے کرام اور سول سوسائٹی کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا، حکومت نے پارلیمنٹ سے اینٹی ریپ بل بھی پاس کیا ہے اور اب زیادتی کے ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔