اوٹاوا۔29اکتوبر (اے پی پی):کینیڈا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر فیصل کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کاز کی وکالت جاری رکھے گا، عالمی برادری جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ اور کشمیریوں پر مظالم کے خاتمہ کے لئے اپنا موئثر کردار اد ا کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر پر27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے خلاف پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کشمیر سے متعلق دستاویزی فلم اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی تصویری نمائش پیش کی گئی ،تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور کشمیر کاز کے حامیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سےکشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جس میں کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔
قائم مقام ہائی کمشنر فیصل کاکڑ نے اپنے خطاب میں کشمیریوں پر بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کاز کی وکالت جاری رکھے گا،عالمی برادری کوجموں و کشمیر پردہائیوں سے جاری غیر قانونی قبضہ اور مظالم کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کی جائز امنگوں کو دبا یا ہے، گزشتہ 77 سالوں میں بھارت نے نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کیا ہے بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کیا ۔
فیصل کاکڑ نے کہا کہ بھارتی دعوئوں کے برعکس جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی بحران سے نمٹنے کی اشد ضرورت کی یاد دلاتا ہے۔قونصل جنرل مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔