پاکستان انویسٹمنٹ بانڈزکی نیلامی کے ذریعہ 381.83 ارب روپے جمع

139

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):حکومت نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈزکی نیلامی کے ذریعہ 381.83 ارب روپے جمع کرلئے جو 350 ارب روپے کے مقررہ ہدف سے زیادہ ہیں۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق دو سالہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ کی کٹ آف ییلڈ 55 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد 12.5 فیصد پر آ گئی ہے۔ تین سالہ بانڈ کی ییلڈ 12.49 فیصد پر مستحکم رہی جبکہ پانچ سالہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ کی ییلڈ 11 بیسس پوائنٹس کم ہو کر 12.59 فیصد ہو گئی۔ دس سالہ بانڈ کی ییلڈ 4 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد 12.79 فیصد پر آ گئی۔

نیلامی سے زری پالیسی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کے بعد مارکیٹ کے جذبات کی عکاسی ہورہی ہے، مختلف مدت کے تمام بانڈز پر منافع کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔واضح رہے کہ سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں شرح سود میں 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے اسے 13 فیصد پر مقرر کرنے کافیصلہ کیاگیاتھا،جون 2024 سے اب تک یہ مسلسل پانچویں بار شرح سود میں کمی کی گئی ہے۔