پاکستان انڈر 16 فٹ بال ٹیم کی تاریخ ساز کامیابی، قازقستان میں پہلی بار یوئیفا مقابلے میں شرکت

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال ایک نئے اور تاریخی دور میں داخل ہونے جا رہا ہے جہاں ملک کی انڈر 16 مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا کے تحت منعقدہ بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ یہ میچز رواں سال 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلے جائیں گے۔یہ تاریخی پیش رفت پاکستان کے یوتھ فٹ بال پروگرام کے لئے ایک اہم سنگ …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال ایک نئے اور تاریخی دور میں داخل ہونے جا رہا ہے جہاں ملک کی انڈر 16 مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا کے تحت منعقدہ بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ یہ میچز رواں سال 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلے جائیں گے۔یہ تاریخی پیش رفت پاکستان کے یوتھ فٹ بال پروگرام کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی اصلاحات پر مبنی نئی سوچ اور عالمی سطح پر بحالی کی کوششوں کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔ یہ کامیابی پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں ممکن ہوئی جن کے دور میں منظم منصوبہ بندی، گورننس اصلاحات اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے حکام کے مطابق یوئیفا مقابلے کی دعوت کو پاکستان فٹ بال کی ساکھ پر ایک بڑا اعتماد قرار دیا جا رہا ہے بالخصوص گراس روٹس اور یوتھ لیول پر اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی حریفوں کے خلاف کھیلنے سے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا جو ان کی تکنیکی اور حکمت عملی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری لانے میں مدد دے گا۔

یہ اقدام پی ایف ایف کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد علاقائی سطح سے آگے بڑھ کر مسلسل اور معیاری مقابلوں کے ذریعے قومی فٹ بال ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ یوئیفا اور دیگر بین الاقوامی فیڈریشنز کے ساتھ روابط کے ذریعے پی ایف ایف ترقیاتی خلا کو کم کرنے اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کو ایلیٹ فٹ بال کے لئے تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔پی ایف ایف کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ محض ایک ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں بلکہ پاکستان فٹ بال کے عزم اور مستقبل کی سمت کا واضح اعلان ہے۔ یہ موقع اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کئی سالوں کی انتظامی مشکلات اور تنہائی کے بعد پاکستان کو عالمی فٹ بال برادری میں دوبارہ تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انڈر 16 ٹیم کی یہ شرکت پاکستان فٹ بال کی گورننس پر بڑھتے اعتماد کی علامت بھی سمجھی جا رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایف ایف اور اس کی قیادت طویل المدتی منصوبہ بندی، نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور عالمی تعاون کے لیے سنجیدہ ہے۔

پی ایف ایف عہدیدار نے مزید کہا کہ جب پاکستانی نوجوان کھلاڑی یورپی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے تو یہ تاریخی دورہ نہ صرف آئندہ نسل کے لیے حوصلہ افزاء ثابت ہوگا بلکہ اس یقین کو بھی مضبوط کرے گا کہ پاکستان منظم ترقی اور مستقل بین الاقوامی روابط کے ذریعے عالمی فٹ بال میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔

 

مزید خبریں
چیئرمین سینیٹ سے پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد کی ملاقات اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد نے ملاقات کی۔ اَطر زاہد سعودی عرب میں پیدا ہونے والے پہلے پاکستانی پروفیشنل ریسلر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اَطر زاہد کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اَطر زاہد نے اپنی محنت، صلاحیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کھیل امن، دوستی اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے ملک کے بہترین سفیر ثابت ہوتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل جسمانی صحت، ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔