پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان پارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کےتعلقات باہمی اعتماد اور بھروسے پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون، تجارت، توانائی اور دیگر سطح پر روابط کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کی سپیکر صاحبہ گفاروا سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے جمعہ کو چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

پارلیمنٹ ہائوس آمد پر چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفد کا دورہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے، پاکستان آذربائیجان تعلقات مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مماثلتوں پر مبنی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کا اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی جنرل کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان تعلقات باہمی اعتماد اور بھروسے پر مبنی ہیں، پارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفود کے تبادلوں میں تیزی، تجارتی روابط اور عوامی سطح پر رابطہ کاری دونوں ملکوں کو مزید قریب لائے گی، اعلیٰ سطح پر پارلیمانی روابط اور وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے، پارلیمانی دوستی گروپ کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون، تجارت، توانائی اور دیگر سطح پر روابط کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی تعاون باہمی اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، عالمی مسائل اور اہم امور پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو اس وقت کورونا وائرس وبا کا سامنا ہے، مشترکہ حکمت عملی کے تحت ہی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے کردار اور کام کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے تعاون اور معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یہ مثالی تعاون جاری رہے گا۔ ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان سینٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹر فدا محمد، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر رخسانہ زبیری، رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار خان، سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔