پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صحت، طبی تعلیم اور پیشہ وارانہ تبادلوں کے فروغ کے لئے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صحت، طبی تعلیم اور پیشہ وارانہ تبادلوں کے فروغ کے لئے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً طبی اداروں اور اسناد کی باہمی تسلیم شدگی، طبی تعلیم کے فروغ اور ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ تربیت پر تفصیلی …

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صحت، طبی تعلیم اور پیشہ وارانہ تبادلوں کے فروغ کے لئے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً طبی اداروں اور اسناد کی باہمی تسلیم شدگی، طبی تعلیم کے فروغ اور ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ تربیت پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ازبکستان کے پاکستان میں تعینات سفیر سے ملاقات کے بعد منعقدہ اجلاس کی صدارت صدرِ مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران صحت، تعلیم اور دواسازی سمیت مختلف شعبوں میں 28 مفاہمتی یادداشتوں اور تعاون کے معاہدوں کا تبادلہ ہوا، جو دونوں ممالک کے مضبوط ہوتے تعلقات کا مظہر ہے۔ازبکستان کی جانب سے آن لائن اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں صحت کے پہلے نائب وزیر بابایف الیشر، علیژانوف ابرور، پروفیسر یوسوپالییوا گلنورا اور پروفیسر گلیاموف سورت شامل تھےجبکہ پاکستان کی جانب سےصدر مملکت کے سیکرٹری ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور وزارتِ خارجہ و وزارتِ قومی صحت کے نمائندگان نے اجلاس شرکت کی ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت 1,200 سے زائد پاکستانی طلبہ ازبکستان میں مختلف شعبوں میں زیرِ تعلیم ہیں جبکہ ازبکستان میں پاکستان کی 180 سے زائد اقسام کی ادویات رجسٹرڈ کی جا چکی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے عوامی اور تجارتی روابط کی عکاسی کرتا ہے ۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے طبی تعلیم، سائنسی تحقیق اور ڈاکٹروں کی عملی تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ازبکستان کے حکام نے اپنے ملک کے صحت کے شعبے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ازبکستان میں تقریباً 9 ہزار نجی کلینکس فعال ہیں ۔

انہوں نے پاکستانی ڈاکٹروں اور طبی پیشہ ور افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ہدایات کی روشنی میں مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس ضمن میں پاکستانی ماہرینِ صحت کا ایک وفد جلد ازبکستان کا دورہ کرے گا تاکہ طے شدہ امور پر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔