ڈھاکہ۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و ترقیاتی تعاون کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، 20 سال بعد پاکستان۔بنگلہ دیش مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا نواں اجلاس ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔ پیر کو وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بنگلہ دیش کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر صالح الدین احمد نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے اختتام …
پاکستان اور بنگلہ دیش کا 20سال بعدمشترکہ اقتصادی کمیشن کا نواں اجلاس ،تجارت،سرمایہ کاری وصنعت سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں پیش رفت کا احاطہ

مزید خبریں
ڈھاکہ۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و ترقیاتی تعاون کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، 20 سال بعد پاکستان۔بنگلہ دیش مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا نواں اجلاس ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔ پیر کو وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بنگلہ دیش کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر صالح الدین احمد نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے نویں جے ای سی کے متفقہ منٹس پر دستخط کئے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری و صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ و مواصلات، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بینکنگ، صحت، سیاحت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، اطلاعات و نشریات اور ٹیکسٹائل سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں پیش رفت کا احاطہ کیا گیا۔
اجلاس میں قومی شپنگ کارپوریشنز کے مابین تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ پاکستان نے بین الاقوامی تجارت کے لیے چین اور وسطی ایشیائی ممالک تک بنگلہ دیش کی رسائی کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو گیٹ وے کے طور پر استعمال کی پیشکش کی۔ دونوں ممالک نے سیاحت اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے براہِ راست فضائی رابطے کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس کے دوران حلال تجارت کے شعبے میں پیشرفت کرتے ہوئے پاکستان حلال اتھارٹی اور بنگلہ دیش اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے، جس سے حلال مصنوعات کی اسٹینڈرڈائزیشن اور سرٹیفکیشن میں تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔
پاکستان نے اجلاس میں پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے قیام بارے بھی آگاہ کیا، جس میں بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے 500 نئی مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کی پیشکش شامل ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستان نے ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت تربیتی نشستوں کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کر دی ہے۔دونوں ممالک نے میڈیکل اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں تعاون اور ثقافتی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر تجارت، بحری امور اور آئی ٹی سمیت اہم شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مشترکہ ورکنگ گروپ آن ٹریڈ کا افتتاحی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فریقین نے رعایتی تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے اور دونوں ممالک میں پائیدار اور جامع معاشی نمو کے فروغ کے لیے تجارت، زراعت اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اپنے عزم کا اعادہ کیا۔نویں جے ای سی کا انعقاد دوستی اور باہمی احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے دورے کے دوران حکومتِ بنگلہ دیش اور مشیر برائے خزانہ کی جانب سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔








