پاکستان اور بنگلہ دیش کے تجارتی تعلقات میں حالیہ پیش رفت دونوں ممالک کے لیے اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، وفاقی وزیر جام کمال خان

124
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تجارتی تعلقات میں حالیہ پیش رفت دونوں ممالک کے لیے ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، بنگلہ دیش نے پاکستان کے چاول اور سبزیوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔

پیر کو وزارت کی طرف سے جاری بیان میں جام کمال خان نے کہا کہ تجارتی تعاون کو فروغ دے کر تقریباً 15 ارب ڈالر کی معیشت کا امکان ہے جو خطے میں معاشی ترقی کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فلائٹس کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے اور تجارتی عمل کو آسان بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت اس وقت تجارتی تعلقات کی بحالی کے لیے سرگرم ہے اور دونوں ممالک کی مارکیٹس کو آپس میں جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا نہ صرف معیشت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ خطے میں استحکام اور تعلقات کے فروغ کے لیے بھی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف دو طرفہ تجارت کو بڑھائیں گے بلکہ دونوں ممالک کی معیشتوں میں استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔