پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی اعتماد ، احترام اور برابری کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں ، افتخار علی ملک

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی اعتماد ، احترام اور برابری کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے موجودہ عالمی منظر نامے میں پی ٹی آئی حکومت کی بہترین خارجہ پالیسی کا مظہر قرار دیا ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں افتخار علی ملک …

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی اعتماد ، احترام اور برابری کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے موجودہ عالمی منظر نامے میں پی ٹی آئی حکومت کی بہترین خارجہ پالیسی کا مظہر قرار دیا ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے اور تاجروں کا اعتماد بحال کرنے کے علاوہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی احترام، اعتماد اور برابری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ باہمی اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دیا جائے. افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ ایک ہفتہ قبل پاکستان نے افغان حکومت کی درخواست پر خیر سگالی کے طور پر واہگہ بارڈر کے ذریعے افغانستان سے بھارت کیلئے برآمدی تجارت کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سے پہلی مرتبہ افغان برآمدات کی گئی ہیں جس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور تجارت کو تقویت ملے گی۔ افتخار علی ملک جو ایف پی سی سی آئی میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین بھی ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ پی ٹی آئی حکومت خطے میں معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لئے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے گی جس سے معاشرے کے کمزور طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے علاوہ کورونا وبا کے منفی اثرات کو زائل کرنے میں مدد ملے گی۔