پاکستان اور ترکمانستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے
پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ تعاون کے فروغ، علاقائی رابطوں اور توانائی منصوبوں پر پیشرفت تیز کرنے پر اتفاق کیاہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکمانستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے، زیر غور منصوبوں پر عملی پیشرفت تیز کرنے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ممالک نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے، سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے، تیل و گیس کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس جلد منعقد کرنے، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور کراچی و گوادر بندرگاہوں کے ذریعے ترکمانستان کے تجارتی سامان کی نقل و حمل کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے لئے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ راشد میریدوف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ دستخط شدہ دستاویزات میں مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کا پروٹوکول، دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026ء سے 2030ء تک تعاون کا پروگرام اور سیاحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت شامل ہیں۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی بات چیت دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے ترکمانستان کے وزیر توانائی اور وزیر تجارت و اقتصادی تعلقات کی اجلاس میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں وزرا کی موجودگی تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کی پالیسی کا احترام کرتا ہے اور علاقائی و عالمی فورمز پر تعمیری تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں دوطرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ فریم ورک پر کام آگے بڑھانے، تجارتی اعتبار سے قابل عمل ٹرانسپورٹ روابط تلاش کرنے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں و چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے ترکمانستان کے تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لئے کراچی اور گوادر سمیت پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال سے متعلق عملی انتظامات تلاش کرنے کے لئے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا جبکہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے (تاپی) کے تکنیکی و تجارتی پہلوؤں پر شریک ممالک کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت تسلیم کی ۔ اس کے علاوہ ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان کے مجوزہ بجلی کی ترسیل کے منصوبے اور اس سے منسلک فائبر آپٹک مواصلاتی رابطے پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ ان منصوبوں کی تکنیکی اور تجارتی افادیت کا مزید جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں زراعت، صنعت، سیاحت، ثقافت، اعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی اہمیت اجاگر کی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مکالمے اور سفارتکاری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں امریکہ ایران تنازع، ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے، فلسطین اور بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام اور ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کے لئے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے مسلسل پھیلاؤ اور القدس الشریف کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور پُرامن مذاکرات کے لئے پرعزم ہے۔ نائب وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیوں کے لئے استعمال نہ ہونے دی جائے۔انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر معاہدے کو معطل رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور مشترکہ آبی وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی خطرناک کوشش ہے، یہ اقدام پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آبی، غذائی اور توانائی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے ترکمانستان کے اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان اگست 2027کے اواخر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کے بعد اسی سال کی آخری سہ ماہی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا سربراہی اجلاس بھی پاکستان میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کی اجلاس میں تعمیری شرکت اور کامیابی میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کی دوستی مضبوط اور مستقبل پر مرکوز ہے۔ دونوں ممالک اپنے عوام کے مفاد میں مسلسل روابط اور عملی تعاون کے ذریعے مشترکہ پیشرفت جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف نے کہا کہ تجارتی حجم میں اضافے، تجارت سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے تیسرے اجلاس کے نتائج، مشترکہ بزنس کونسل کے دوسرے اجلاس کی تیاری، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے، تجارتی مراکز کے قیام، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت اور معاہدوں و قانونی فریم ورک میں بہتری کے اقدامات بھی اجلاس میں زیر بحث آئے۔راشد میریدوف نے بتایا کہ فریقین نے چار فریقی تاپی منصوبے کو آگے بڑھانے اور اس کے تمام شرکا کے درمیان مربوط اقدامات کی اہمیت کی توثیق کی۔ منصوبے سے متعلق معاہدوں، رابطہ کاری، ٹرانزٹ، بنیادی ڈھانچے کے قابل اعتماد آپریشن اور توانائی کے وسائل کی فراہمی میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ زراعت، صنعت، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، ثقافت اور مالیاتی شعبے میں مزید عملی تعاون کے لیے مختلف سمتوں کا تعین کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ علاقائی اقتصادی منصوبوں سے باہمی روابط، پائیدار ترقی اور تجارت کو فروغ ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کمیشن کا حتمی پروٹوکول متعلقہ وزارتوں، اداروں اور کاروباری حلقوں کے لئے عملی روڈ میپ کا کام دے گا۔راشد میریدوف نے حکومت پاکستان بالخصوص نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا مہمان نوازی اور مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔







