پاکستان اور ترکیہ نے سماجی تحفظ، خاندانی بہبود اور غربت کے خاتمے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کا سماجی تحفظ، خاندانی بہبود اور غربت کے خاتمے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان ایم او یو کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے سماجی تحفظ، خاندانی بہبود اور غربت کے خاتمے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش کے درمیان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ایم او یو کو جلد حتمی شکل دینے پر دونوں ممالک کی جانب سے اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ اور دیگر ادارے مستحق طبقات کی فلاح و بہبود اور غربت میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان سماجی تحفظ کے شعبے میں ترکیہ کے جدید ڈیجیٹل نظام، خاندان پر مبنی فلاحی ماڈل اور معذور افراد کی شمولیت کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان بیت المال اور ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے درمیان جاری مشترکہ منصوبوں خصوصاً رمضان فوڈ پروگرام اور سینٹرلائزڈ کچن منصوبے کو دوطرفہ تعاون کی کامیاب مثال قرار دیا۔ ترک وزیر ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے پاکستان کے سماجی تحفظ کے اقدامات، خصوصاً بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام مستحق خاندانوں کی معاونت اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔
دونوں وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دے کر سماجی تحفظ، سماجی بہبود، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، عملے کی تربیت اور بہترین تجربات کے تبادلے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ ملاقات میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے ترک وزیر کو پاکستانی دوپٹہ اور وزارتی شیلڈ پیش کی جبکہ ترک وزیر نے بھی انہیں یادگاری تحفہ پیش کیا۔








