اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور قازقستان نے سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ان کے قازقستان کے ہم منصب مرات نورتیلو نے متفقہ طور پر تجارت، معیشت اور …
پاکستان اور قازقستان کا سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور ان کے قازقستان کے ہم منصب مرات نورتیلو کی وفود کی سطح پر مذاکرات سے قبل گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور قازقستان نے سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ان کے قازقستان کے ہم منصب مرات نورتیلو نے متفقہ طور پر تجارت، معیشت اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بلندی تک لے جانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر بالخصوص وسطی ایشیائی ریاستوں میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا حامی ہے۔
قازقستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک بیشتر علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر مشترکہ خیالات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سال نومبر میں قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں اور ان کے وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کا ایک اہم مقصد دورے کے تفصیلی پروگرام کو حتمی شکل دینا ہے۔
قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مرات نورتیلو نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شراکت داری اور قابل اعتماد دوستی بہت گہری اور مضبوط جڑیں رکھتی ہے۔ اسلام آباد میں حکومتی عہدیداروں اور تاجروں کے ساتھ اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے باہمی دلچسپی کے بہت سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قازقستان کے نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ قازقستان کے صدر کا دورہ ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔








