پاکستان اور چین کی 70 سالہ دوستی بلند وبالا درخت بن گئی ہے ، دوستی کی جڑیں دونوں ممالک کی عوام کے دلوں میں ہیں، چینی سفارتکار کی پاکستان ڈے پر مبارکباد

نیویارک۔24مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ میں چینی سفارتکار زانگ جون نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی 70 سالہ دوستی گزرتے وقت کے ساتھ بلندو بالادرخت بن گئی ہےجس کی جڑیں دونوں ممالک کی عوام کے دلوں میں ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز پاکستان ڈے کی خوشی کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیراہتمام پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی سربراہی میں ورچوئل خطاب میں …

نیویارک۔24مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ میں چینی سفارتکار زانگ جون نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی 70 سالہ دوستی گزرتے وقت کے ساتھ بلندو بالادرخت بن گئی ہےجس کی جڑیں دونوں ممالک کی عوام کے دلوں میں ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز پاکستان ڈے کی خوشی کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیراہتمام پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی سربراہی میں ورچوئل خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں اور گزرتے وقت کے ساتھ دونوں کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کے قیام کے بعد پاکستان کی کامیابیوں پر بڑی خوشی ہوئی ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ ہمیں پاکستان کے ترقی کے اس سفر میں اس کے ساتھ ہونے پر خوشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ میں کثیرالجہتی اور بین الاقوامی قوانین پر مبنی بین الاقوامی امن کو برقراررکھنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بہت قریبی طور پر کام کر رہے ہیں۔

چینی سفارتکار نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے تعاون ، امن کے فروغ اور 2030 کے اقوام متحدہ کے عالمی ترقیاتی ایجنڈا کے حصول کو یقینی بنانے کی کوششوں کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے باعث درپیش اقتصادی اور مالی مسائل کے حوالے سے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے صدر اور پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی کوششیں قابل تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے آغاز کے بعد تعاون کے اچھے نتائج مرتب ہوئے ہیں اور چین آئندہ 6 سالوں کے لیے پاکستان کا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے سفارتکار یاشر علیف نے پاکستان ڈے پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تخلیق کاروں قائد اعظم محمد علی جناح اور دگر اہم رہنمائوں کی تاریخی کوششیں اعزاز کا باعث ہیں جنہوں نے آزاد اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے کثیرالجہتی کے غیرمتزلزل عزم اور خاص طور پرپاکستان کے امن مشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین، سیاسی ثقافتی اور اقتصادی تعلقات مستحکم اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک مستحکم ہوئے ہیں ۔

اس موقع پر ترک سفارتکار فریدون سنیرلیگون نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات عوام کے مفاد کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا ثبوت ہیں اور ترکی پاکستان کے مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

اس موقع پر سعودی عرب کے سفارتکار عبداللہ المعلمی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین گہرے تعلقات ہیں جو دونوں ممالک کو مذہبی، ثقافتی، تایخی، جغرافیائی اور سٹریٹجک لحاظ سے جوڑتے ہیں اور یہی نہیں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مسلم امہ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اس موقع پر کرغزستان ، ترکی ، سعودی عرب ، نائجر، قطر، سری لنکا، ازبکستان ککے سفارتکاروں نے بھی پاکستان ڈے کی خوشی پر پاکستان کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے پاکستان ڈے کی تقریب میں شرکت اور ان کے دوستانہ جذبات پر اپنے ہم منصبوں کا شکریہ ادا کیا۔