پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، ڈپٹی کمشنرموسی خیل

پاکستان اور چین کے درمیان قائم دیرینہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس موسیٰ خیل میں ایک پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

کوئٹہ۔ 21 مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان قائم دیرینہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس موسیٰ خیل میں ایک پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ضلعی افسران، مختلف محکموں کے نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان اور چین کے قومی پرچم لہرائے گئے جبکہ قومی پرچم کو سلامی بھی پیش کی گئی۔ تقریب کی قیادت ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک نے کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنرموسی خیل عبدالرزاق خان خجک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی نہ صرف حکومتوں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بھی موجود ہے، اور یہی دوستی خطے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔