ملتان میں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ جاری ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

ملتان میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت دو انتخابی حلقوں ایل اے-34 جموں-1 اور ایل اے-42 ویلی-3 کے لیے اتوار کو پولنگ پرامن ماحول میں جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولنگ کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے بتایا کہ دونوں حلقوں میں مجموعی طور پر 1,052 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا …

ملتان۔ 02 اگست (اے پی پی):ملتان میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت دو انتخابی حلقوں ایل اے-34 جموں-1 اور ایل اے-42 ویلی-3 کے لیے اتوار کو پولنگ پرامن ماحول میں جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولنگ کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے بتایا کہ دونوں حلقوں میں مجموعی طور پر 1,052 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔

ووٹنگ کے لیے 3 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 5 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 2 پولنگ سٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جبکہ ایک پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ اسلامیہ بوائز ہائی سکول میں قائم کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق پولنگ سٹیشنز کی مؤثر نگرانی کے لیے 12 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے لیے 250 سےزیادہ پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انتخابی عمل کو شفاف، پرامن اور منظم انداز میں مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔