پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے موضوع پر دوطرفہ مشاورت کا دسواں دور منعقد

بیجنگ۔19اگست (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے موضوع پر دوطرفہ مشاورت کا دسواں دور 18 اگست 2025ء کو بیجنگ میں منعقد ہوا ، دونوں فریقوں نے عالمی اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری …

بیجنگ۔19اگست (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے موضوع پر دوطرفہ مشاورت کا دسواں دور 18 اگست 2025ء کو بیجنگ میں منعقد ہوا ، دونوں فریقوں نے عالمی اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی ڈویژن) سفیر طاہر اندرابی نے کی، جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈیپارٹمنٹ آف آرمز کنٹرول) سن زیاؤبو نے کر رہے تھے۔ دونوں فریقوں نے عالمی اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے جنوبی ایشیا کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا، خاص طور پر سلامتی اور اسٹریٹجک استحکام کے چیلنجز پر توجہ مرکوز کی۔ بات چیت میں تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا، جن میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی، کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ اور اہم بین الاقوامی معاہدات جیسے بائیولوجیکل اینڈ ٹاکسن ویپنز کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی) اور کیمیکل ویپنز کنونشن (سی ڈبلیو سی) کے ایجنڈے شامل تھے۔ نئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے سکیورٹی اثرات پر بھی غور کیا گیا۔

اس کے علاوہ، جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال اور خلائی تعاون پر دوطرفہ اشتراک عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اپنے دورے کے دوران سفیر طاہر اندرابی نے چائنا آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمنٹ ایسوسی ایشن (سی اے سی ڈی اے) میں ایک انٹرایکٹو راؤنڈ ٹیبل سیشن میں بھی شرکت کی، جس میں سابق سفارتکاروں، ماہرین، اسکالرز اور تھنک ٹینک کے نمائندے بھی شریک تھے۔

پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر مشاورت دونوں ممالک کے درمیان وسیع سٹریٹجیک تعاون کا ایک اہم حصہ ہیں۔ پاکستان اس مکالمے کو سلامتی اور استحکام کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق معنی خیز مشاورت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم تصور کرتا ہے۔ مشاورت کا اگلا دور 2026ء میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

مزید خبریں