پاکستان اکتوبر میں پہلی بار بلی جین کنگ کپ کی میزبانی کرے گا

پاکستان اکتوبر میں پہلی بار بلی جین کنگ کپ کی میزبانی کر کے ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہےجس میں ایشیا کی 10 خواتین ٹینس ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ اعلان پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے اتوار کو کیا۔

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):پاکستان اکتوبر میں پہلی بار بلی جین کنگ کپ کی میزبانی کر کے ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہےجس میں ایشیا کی 10 خواتین ٹینس ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ اعلان پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے اتوار کو کیا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے ایک وی لاگ میں کہا کہ پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار ایشیا کی 10 خواتین ٹینس ٹیمیں ہمارے ملک آ کر مقابلہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستانی لڑکیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا ایک منفرد موقع ثابت ہوگا۔ٹورنامنٹ 19 سے 25 اکتوبر تک منعقد ہوگا جس میں ایشیا بھر سے ٹیمیں شرکت کریں گی اور اسے پاکستان میں خواتین ٹینس کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

اعصام الحق قریشی نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کی جانب سے پاکستان کو اس عالمی ایونٹ کی میزبانی سونپنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کی بڑے مقابلوں کے انعقاد کی صلاحیت پر بڑھتا ہوا اعتماد حاصل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایف ایونٹ کے کامیاب اور اعلیٰ معیار کے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کو بھی نمایاں کرے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کھلاڑیوں کو مرد کھلاڑیوں کے برابر مواقع، پلیٹ فارم اور شناخت فراہم کی جائے گی۔اعصام الحق قریشی نے کہا کہ فٹبال، ہاکی اور والی بال سمیت دیگر کھیلوں میں اتنی بڑی تعداد میں بین الاقوامی خواتین ٹیموں کی شرکت کم ہی دیکھنے میں آئی ہے جس سے اس ٹورنامنٹ کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے اور گروپ تھری سے گروپ ٹو میں ترقی حاصل کرنے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔