پاکستان ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتا رہا ہے اور اسے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے، گورنر بلوچستان

3

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی مسلسل مذمت کرتا رہا ہے اور اسے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں اپنے برادر پڑوسی ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حالیہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے سرحد کی بندش، زائرین کی بحفاظت واپسی اور پاک ایران بارڈر کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کے ذریعہ معاش کے حوالے سے خدشات کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے۔

موجودہ حکومت ایران میں پاکستانی زائرین کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری وسائل کو متحرک کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایرانی قونصل جنرل علی رضا راجائی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ سرحد کی بندش سے اس وقت پاکستان اور ایران دونوں ممالک کی تاجر برادری متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ہم بحیثیت قوم ان حملوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر غمزدہ ہیں۔

گورنر مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں اور امید جاتی ہے کہ بہت جلد حالات بہتر ہو جائیں گے۔