پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور کسی بھی طرح کی جنگ کا خواہشمند نہیں، بیرسٹر فروغ نسیم

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور کسی بھی طرح کی جنگ کا خواہشمند نہیں، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور یقین ہے کہ وہ بہت جلد فسطائی مودی کے غاصبانہ قبضہ سے آزادی حاصل کریں گے۔ اتوار کو یوم دفاع کے موقع پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر …

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور کسی بھی طرح کی جنگ کا خواہشمند نہیں، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور یقین ہے کہ وہ بہت جلد فسطائی مودی کے غاصبانہ قبضہ سے آزادی حاصل کریں گے۔ اتوار کو یوم دفاع کے موقع پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج یوم دفاع کے موقع پر میں وطن عزیز کے ان محافظوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1965 میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا مگر اپنی دھرتی پر آنچ نہیں آنے دی۔ ہمیں ہر روز اپنے ان جوانوں کی سلامتی کی دعا کرنی چاہیے جو ہماری سرحدوں کے پہرے دار ہیں۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور کسی بھی طرح کی جنگ کا خواہشمند نہیں مگر ہماری مسلح افواج کے جوانوں کی شب و روز کی جدوجہد نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہم بغیر کسی خوف کے ایک پر امن زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں اپنے بہن بھائیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ بہت جلد ہمارے کشمیری بھائی بہن فسطائی مودی اور آر ایس ایس کے پیروکاروں کے غاصبانہ قبضے سے آزادی حاصل کریں گے۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارے بہادر سپاہی ہر لحظہ ہماری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیئے موجود ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان بہادر جوانوں کو ایک بار پھر سلام۔