پاکستان بھارتی قبضے کے خاتمے تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کا تقریب سے خطاب

نیویارک ۔ 8 جنوری (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت اور قبضے کے خاتمے تک کشمیری عوام کی خودمختاری اور تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کہی، …

نیویارک ۔ 8 جنوری (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت اور قبضے کے خاتمے تک کشمیری عوام کی خودمختاری اور تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کہی، تقریب میں پاکستان، کشمیر اور اقوام متحدہ کے سفارتکاروں نے شرکت کی، اس کا مقصد عالمی برادری کو باور کرانا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا وعدہ پوار کرے۔ تقریب میں اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون تنظیم اور آذربائیجان کے سفارتکاروں نے بھی خطاب کیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت 7 دہائیوں سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف وزری کرتے ہوئے قبضے اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حقوق دینے سے انکار کر رہا ہے، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال تاریخ کی بدترین صورتحال ہے جہاں لوگ زندگی گزارنے، خوراک، صحت، آزادی اظہار، مذہبی آزادی و خودمختاری سمیت اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین اور بچوں کی مشکلات ناقابل بیان حد تک بڑھ چکی ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کودنیا کے سب سے بڑے عسکری علاقے میں تبدیل کردیا ہے، پاکستان جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر کشمیریوںکی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری عوام کی خودمختاری ناقابل تغیر اور کشمیر ہمارا خون ہے، ہم کشمیریوں کی آزادی اور بھارتی قبضے کے خاتمے تک کوششیں کرتے رہیں گے۔ منیر اکرم نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر دبائو بڑھائے کہ وہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لیے غیرقانونی اقدامات کو روکے،کرفیو اٹھائے ،کشمیری رہنمائوں کو رہا اور مواصلاتی نظام بحال کرے اس کے علاوہ کشمیر میں بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کے اعدادوشمار جاننے کے لیے عالمی ادارے کے مشن کو رسائی کی اجازت اور کشمیری عوام کو پرامن احتجاج کے حق کی اجازت دے۔ اقوام متحدہ میں آذربائیجان کے سفارتکار یاشر علی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کا موقف بین الاقوامی قانون ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اسلامی تعاون تنظیم کے فیصلے کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لیے کوششیں کرے جو امن و استحکام اور خطے کی ترقی کے لیے اہم ہے اور ہمیں گزشتہ سال سے جموں کشمیر کی مزید خراب صورتحال پر فکر ہے۔ تقریب میں اسلامی تعاون تنظیم کے سفارتکار اگشن مہدیوف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ان کی تنظیم کی اولین ترجیح ہے، اسلامی تعاون تنظیم کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حیثیت اور اس کے حتمی رجحان کے بارے میں یو این ایس سی کی قراردادوں کی توثیق کرتی ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے صحیح اعدادوشمار کو مانیٹر کرنے کے لیے رسائی دے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔ تقریب میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مسئلہ کشمیر پر تاریخی اجلاسوں پر مبنی تصویری نمائش بھی منعقد ہوئی۔

مزید خبریں