پاکستان جرمنی کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جرمن وزیر مملکت برائے خارجہ نیلسن انین سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جرمنی یورپی یونین کا انتہائی اہم ملک ہے اور پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان جرمنی کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے وزیر …

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جرمنی یورپی یونین کا انتہائی اہم ملک ہے اور پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان جرمنی کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ نیلسن انین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات سفیر برنارڈ شلاگیگ بھی موجود تھے۔ سپیکرنے کہا کہ پاکستان اور جرمنی اہم عالمی و علاقائی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک نے امن کے فروغ کیلئے عالمی و علاقائی فورمز پرایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سماجی و معاشی شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اسپیکرنے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس اور یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں جرمنی کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں جن سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے مستفید ہونے کیلئے جرمنی کی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ سپیکر نے کہا کہ عالمی امن کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین قریبی رابطوں کی ضر ورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونو ںممالک کی عوام کو قریب لانے اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے جاری جارحیت کے وجہ سے خطہ کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ 162 دنوں سے کرفیو نافذ ہے اور کشمیری عوام کرفیو کے نفاذ کی وجہ سے تمام بنیادی ضروریا ت زندگی سے محروم ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بنیادی ضروریات زندگی کی عدم موجودگی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کی وجہ سے سنگین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ انہوں نے اقوام عالم پر مقبوضہ کشمیر میں 162 دنوں سے جاری کرفیو کے خاتمہ کیلئے اپناکردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ نیلسن انین نے کہا کہ جرمنی پاکستان کو اپنا دوست اور اقتصادی شر اکت دار تصور کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ کا ایک اہم ملک ہے اور جرمنی ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے خطہ میں امن و ترقی کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی جی ایس پی پلس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپین منڈیوں میں حاصل مراعات پر عملدرآمد کرنے کیلئے کردار کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی تمام متنازعہ معاملات کو مذاکرات اور معاہدات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ جرمن وزیر نے سپیکرکو آگاہ کیا کہ جرمن سرمایہ کار پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

مزید خبریں