پشاور۔30دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کے مشیر اربابِ شہزاد نے طورخم بارڈر پر افغانستان عوام کے لئے 50ہزار میٹر ٹن گندم کی پہلی کھیپ افغان حکام کے حوالے کردی ۔
وزیر اعظم عمران خان کے مشیر اربابِ شہزاد نے طورخم بارڈر پر افغانستان عوام کےلئے خیرسگالی جذبے کے تحت 50ہزار میٹرک ٹن گندم کی پہلی کھیپ 1800 ٹن گندم پرمشتمل گاڑیوں کا قافلہ افغان وزیر برائے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی صوبہ ننگرہار ملا عباس اخوند کےحوالے کر دیا ۔
دورہ طورخم بارڈر کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر ومعاون خصوصی اربابِ شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جذبہ خیر سگالی کے تحت افغانستان عوام کے لئے 50ہزار میٹر ک ٹن گندم کی پہلی کھیپ 1800ٹن گندم پر مشتمل پچاس گاڑیوں کا قافلہ افغانستان روانہ کردیاہے ۔
افغان عوام کی مشکلات میں کمی لانے کےلئے پاکستان حکومت کی طرف سے سپیشل پیکج کے تحت5ارب روپے کی امداد دی جائے گی جس میں گندم، ادویات ، گرم کمبل اور دیگر سامان سمیت غذائی اجناس شامل ہیں ۔معاون خصوصی ارباب شہزاد نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں افغانستان عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ،اگر عالمی برادری اور دیگر ممالک نے افغان عوام کی مالی امداد اور تعاون نہ کیا تو افغانستان میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے اورانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے انہوں نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ممکنہ انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغانستان کے لوگوں کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ افعانستان کے عوام کی مشکلات کم ہوں اوروہ بہترزندگی گزارسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں قیام امن کا خواہاں رہاہے۔ اسلامی ممالک کی تنظیم اوآئی سی کی کونسل آف وزرائے خارجہ کی کانفرنس کا افغانستان کےلئے امداد کااعلان افغان عوام کے لیے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔
اس کے نتیجے میں اوآئی سی نے اپنے رکن اور غیر رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کے لوگوں کی مدد کے لیے فوری انسانی امداد کے منصوبے کو منظم اور نافذ کرنے کے لیے ضروری مالی وسائل کو متحرک کریں۔معان خصوصی ارباب شہزاد نے کہا کہ افغانستان کے عوام ،
مریضوں اور طلبہ سمیت تاجروں کے لئے ویزہ پالیسی میں نرمی کی گئی ہے ، انہیں مزید بھی ریلیف دینگے۔ امدادملنے پر افغانستان حکام کے ملا عباس اخوند اور دیگر افغان حکام نے پاکستان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔