پاکستان دہشت گردی کے خلاف اہم شراکت دار رہے گا، امریکا

واشنگٹن ۔8فروری (اے پی پی): امریکا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینےکاعزم کرتےہوئے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکا کا اہم شراکت دار رہے گا۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کےساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ امریکا دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ اس حوالے سے پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے امریکا پاکستان کو ہرطرح کی مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے حوالے سے کہا کہ ہم کسی بھی دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس حملے کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ شہریوں کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین، ایسے افراد ہلاک ہوئے جنہوں نے اپنے ہم وطن پاکستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر رکھی تھیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک لعنت ہے جو پاکستان۔ بھارت اور افغانستان کو متاثر کر رہی ہے اوریہی چیز ہے جس پر ہم پورے خطے میں توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو وہ امریکا کا اہم شراکت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے حال ہی میں ان سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے عزم بارے بات کی ہے ۔