اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سال 2025 کو پاکستان ریلویز کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اپنی تاریخ میں پہلی بار ایک کھرب روپے سالانہ آمدن کا ہدف عبور کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے، اب تک 93 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا جا چکا ہے جبکہ مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی میں مزید 50 …
پاکستان ریلویز تاریخ میں پہلی بار ایک کھرب روپے سالانہ آمدن کا ہدف عبور کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مزید 50 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے، وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سال 2025 کو پاکستان ریلویز کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اپنی تاریخ میں پہلی بار ایک کھرب روپے سالانہ آمدن کا ہدف عبور کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے، اب تک 93 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا جا چکا ہے جبکہ مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی میں مزید 50 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔
منگل کو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو باقاعدہ ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس کے باعث حادثات کی شرح 0.09 فیصد سے کم ہو کر 0.04 فیصد رہ گئی ہے اور کسی قسم کا کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔ جدید ٹیکنالوجی کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے راولپنڈی کو ملک کا پہلا سمارٹ سٹیشن بنا دیا گیا ہے جہاں جدید ترین کیمرے اور سکیورٹی سسٹم نصب ہیں جبکہ 2026ء تک دیگر بڑے سٹیشنوں کو بھی سمارٹ بنانے اور ٹرینوں کے اندر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمے کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ محض 8 ماہ کے عرصے میں شالیمار، پاک بزنس اور لاثانی سمیت 8 ٹرینوں کے ریکس کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور دسمبر 2026ء تک ملک کی تمام ٹرینوں کو جدید طرز پر ڈھال دیا جائے گا۔ انتظامی امور میں شفافیت لانے کے لیے وزارت کا تمام کام ای فائلنگ پر منتقل کر دیا گیا ہے اور سٹیشنوں پر اے ٹی ایم، ڈی وی ایم اور پی او ایس مشینیں نصب کی گئی ہیں۔
اراضی کی واگزاری کے سلسلے میں 2025ء کے دوران 394 ایکڑ رقبہ قابضین سے چھڑوایا گیا جبکہ دسمبر 2026ء تک ریلوے کی تمام اراضی واگزار کروانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سروسز کو بہتر بنانے کے لیے صفائی کے نظام اور سکولوں کو آئوٹ سورس کر دیا گیا ہے جس سے سٹیشنوں پر 24 گھنٹے صفائی کی صورتحال برقرار ہے۔ کراچی سے روہڑی تک نئے ٹریک کی تعمیر کا منصوبہ بھی حتمی مراحل میں ہے جس کی گرائونڈ بریکنگ رواں سال جولائی میں کی جائے گی۔








