پاکستان ریلوے کی جدید سفری نظام کی جانب نمایاں پیشرفت

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے سال 2025 کے دوران عوامی سہولیات کی فراہمی، ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی، آپریشنل بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ایک مسافر دوست اور جدید سفری نظام کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد مسافروں کو محفوظ، آرام دہ، معیاری و بروقت سفری سہولیات فراہم کرنا اور ادارے کی مالی و انتظامی کارکردگی کو بھی بہتر بنانا شامل ہے۔ …

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے سال 2025 کے دوران عوامی سہولیات کی فراہمی، ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی، آپریشنل بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ایک مسافر دوست اور جدید سفری نظام کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد مسافروں کو محفوظ، آرام دہ، معیاری و بروقت سفری سہولیات فراہم کرنا اور ادارے کی مالی و انتظامی کارکردگی کو بھی بہتر بنانا شامل ہے۔

اے پی پی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر سال 2025 میں ملک بھر کے بڑے اور درمیانے درجے کے ریلوے اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس ضمن میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی، جدید اور معیاری واش رومز کی تعمیر و مرمت، بہتر انتظار گاہیں، معذور افراد کے لیے ریمپس ودیگر سہولیات، جبکہ مسافروں کی رہنمائی کے لیے جدید ڈیجیٹل انفارمیشن بورڈز نصب کیے گئے ہیں جس سے مسافروں کو سفر کے دوران درپیش مشکلات میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔

اسی طرح آن لائن ٹکٹنگ سسٹم اور موبائل ایپ کو مزید موثر اور صارف دوست بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو گھر بیٹھے ٹکٹ حاصل کرنے، ٹرینوں کے شیڈول، نشستوں کی دستیابی اور دیگر معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوئی ہے۔ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ سے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ریلوے حکام نے کہاکہ ٹرین آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے ریلوے ٹریکس، سگنلنگ سسٹم اور کوچز کی مرمت و اپ گریڈیشن پر بھرپور توجہ دی گئی۔

نئی اور جدید سہولیات سے آراستہ کوچز کی شمولیت سے مسافروں کے سفر میں آرام، صفائی اور وقت کی پابندی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کا براہِ راست اثر مسافروں کے اعتماد میں اضافے کی صورت میں سامنے آیا ہے۔اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پاکستان ریلوے نے مختلف اہم سیکشنز پر ٹریک کی بحالی، پلوں اور لیول کراسنگز کی مرمت، جبکہ بعض حصوں پر ٹرینوں کی رفتار میں اضافے کے منصوبے مکمل یا جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف ٹرینوں کے سفر کا دورانیہ کم ہوابلکہ حادثات میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ سال 2025 میں فریٹ آپریشنز کو بھی مزید وسعت دی گئی۔ تیل، سیمنٹ، کھاد اور دیگر صنعتی و تجارتی اشیاء کی ترسیل کے لیے فریٹ ٹرین سروسز میں اضافہ کیا گیا، جس سے ادارے کی آمدن میں بہتری آئی اور قومی معیشت کو تقویت ملی۔ فریٹ سیکٹر کی بہتری پاکستان ریلوے کو مالی طور پر مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ریلوے پولیس اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، نگرانی کے نظام کو موثر بنانے اور اضافی سکیورٹی نفری تعینات کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں، تاکہ مسافر خود کو محفوظ محسوس کریں۔

ریلوے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے مستقبل میں بھی جدید سگنلنگ سسٹم، بہتر سروس ڈیلیوری، انفراسٹرکچر کی مزید بہتری اور نجی شعبے کے اشتراک سے ادارے کو ایک مضبوط، منافع بخش اور عوام دوست قومی ادارہ بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔