پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے معاملات کی نگرانی کے لیے ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے معاملات کی نگرانی کے لیے ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی ۔ یہ فیصلہ جمعرات کو پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔فیڈریشن کے گورننس فریم ورک کے مطابق پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات گزشتہ سال 18 دسمبر سے پہلے کرائے جانے تھے، تاہم انتخابات مقررہ مدت میں نہیں کرائے گئے، جس …

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے معاملات کی نگرانی کے لیے ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے دی ۔ یہ فیصلہ جمعرات کو پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔فیڈریشن کے گورننس فریم ورک کے مطابق پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات گزشتہ سال 18 دسمبر سے پہلے کرائے جانے تھے، تاہم انتخابات مقررہ مدت میں نہیں کرائے گئے، جس کے نتیجے میں ایسوسی ایشن غیر فعال ہو گئی۔ انتظامی تسلسل کو یقینی بنانے اور تنظیمی فعالیت کو بحال کرنے کے لیے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ کمیٹی پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے معاملات کو عارضی طور پر سنبھالے گی اور فیڈریشن کے ضوابط کے مطابق نئے انتخابات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرے گی۔ کمیٹی اس عبوری مدت کے دوران ایسوسی ایشن کے روزمرہ کے آپریشنل معاملات کی بھی نگرانی کرے گی۔ ایڈہاک کمیٹی میں درج ذیل ممبران کا تقرر کیا گیا ہے۔چیئرمین کرنل (ریٹائرڈ) شبیر حسین، سیکرٹری جنرل طارق سعید بھٹ ،ممبر ظہور الحق کمیٹی کو پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کی تشکیل نو کے لیے ہموار انتظامی کارروائیوں اور شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔